• news

پاکستان عظیم ثقافتی ورثہ سے مالامال، دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے: صدر

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کی عظیم ثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اسکے حقیقی تشخص کو اجاگر کیا جاسکے۔ اس امرکا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یوم پاکستان تقریبات کے سلسلے میں یہاں لوک ورثہ میں ثقافتی ورثہ کے بارے میں تین روزہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ نے کیا ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر روایتی مصنوعات اور دستکاری کے حامل سٹالوں کا بھی دورہ کیا جن میں بلاک پرنٹنگ، ٹرک آرٹ، تارکاشی، اخروٹ کی لکڑی کی بنی ہوئی مصنوعات، سواتی شال، بلوچی کشیدہ کاری اور اجرک شامل تھے جن کے ذریعے ملک مختلف علاقوں کی ثقافت کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا تھا۔ صدر نے دستکاروں اور ہنرمندوں کی روایتی مہارت کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثے سے مالا مال ملک ہے، اسکے حقیقی اعتدال پسند تشخص کو اُجاگر کرنے کیلئے رنگارنگ ثقافتی ورثہ کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے، ثقافتی ورثے کو نمایاں کرنا نہ صرف اپنی منفرد شناخت کی عکاسی بلکہ آئندہ نسلوں تک اپنی اعلیٰ اقدار و ثقافت کو منتقل کرنے کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ مزید برآں صدر ممنون حسین سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر پیٹر ہیوارڈ نے ملاقات کی۔ پاکستان آسٹریلیا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز ایوان صدر میں ہونیوالی ملاقات کے دوران پاک آسٹریلیا دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن