• news

مشعل اوباما کا پہلا دورہ چین بیجنگ کے سابق شاہی محل پہنچ گئیں دورہ سیاسی نہیں، ذاتی سفارتکاری کے حوالے سے ہے: وائٹ ہاﺅس خواتین تعلیم کی اہمیت اجاگر کریں گی

بیجنگ (اے ایف پی) امریکی خاتون اول مشعل اوباما اپنے پہلے دورہ چین کے موقع پر اپنی دو بیٹیوں اور ماں کے ساتھ بیجنگ کے سابق شاہی محل پہنچی ہیں۔ وائٹ ہاﺅس نے ان کے اس دورے کو سیاسی کے بجائے ذاتی سفارتی تعلقات کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔ مشعل اوباما، انکی بیٹیاں مالیا اور ساشا اور ماں مارین رابنسن نے چینی خاتون اول پینگ لیون کے ساتھ ”فاربڈن سٹی“ کا دورہ کیا۔ دونوں خواتین اول کے شوہر باراک اوباما اور ژی جن پنگ کی ملاقات آئندہ ہفتے ہالینڈ میں نیوکلیئر سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر متوقع ہے۔ چینی صدر جی ینگ نے امریکی خاتون اول کو خوش آمدید کہا اور انہیں بتایا کہ وہ ذاتی اور ورکنگ تعلقات کے حوالے سے انکے شوہر سے رابطے میں رہتے ہیں۔ انہوں نے اس طرح کی اعلیٰ سطح کی سفیر کو چین بھیجنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری طرف باراک اوباما نے کہا کہ مشعل کا دورہ چین تعلیم کے حوالے سے ہے اور تعلیم دونوں ملکوں کا اہم مسئلہ ہے۔ مشعل اوباما نے امریکی صدر سے الگ ہو کر پہلی مرتبہ چین جبکہ تیسری مرتبہ کسی بیرون ملک کا دورہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن