وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات میں 50 ہزار روپے تک کمی کیلئے تجاویز تیار کرلیں
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت مذہبی امور نے چار بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی جانب سے پی آئی اے کے مقابلے میں 30 فیصد کم حج کرایوں کی پیشکش کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ کابینہ سے درخواست کی جائیگی کہ یا تو پی آئی اے کو اپنے حج کرایوں میں 30 فیصد کمی لانے کیلئے کہا جائے یا وزارت مذہبی امور کو کم بولی دینے والی فضائی کمپنیوں سے حج آپریشن کا معاہدہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزارت نے حج کرایوں میں کمی اور ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں کم ہونے کا فائدہ عازمین حج کو پہنچانے کیلئے حج اخراجات میں 30 سے 50 ہزار روپے تک کمی کی تجاویز بھی تیار کر لیں۔ چار بین الاقوامی ایئر لائنز قطر ‘ امارات ‘ کویت اور اتحاد کی جانب سے 30 ہزار کم کرایوں میں کمی پیشکش کے بعد وزارت کی پی آئی اے کے ساتھ حج کرایوں میں کمی کیلئے بارگیننگ پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔ وزارت نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کم ہونے اور سعودی ریال 26 روپے کے برابر ہونے سے پیدا ہونے والے فرق کا فائدہ بھی عازمین حج کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے او راس بارے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ زیادہ امکان ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہونے سے حج اخراجات میں 10 سے 20 ہزار روپے کی کمی واقع ہو گئی ہے جبکہ کرایوں میں کمی کی صورت میں حج اخراجات میں مجموعی فرق 30 سے 50 ہزار روپے ہوسکتا ہے۔ وزارت نے اس فرق کو براہ راست حجاج کو پہنچانے کیلئے تجاویز تیار کر لی ہیں جنہیں حج پالیسی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔