• news

حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے امریکی جنگ سے بھی نکلنے کا اعلان کردے: سمیع الحق

لاہور (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام (س) اور طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے حکومت مذاکرات کی کامیابی کیلئے امریکی جنگ سے بھی نکلنے کا اعلان کردے تو بہتر ہوگا‘ طالبان نے ابھی تک کوئی باقاعدہ مطالبات پیش نہیں کئے۔ دونوں کمیٹیاں بیٹھیں گی تو مطالبات پر بھی بات ہو گی‘ آپریشن سے امن کا قیام ممکن ہے اور نہ ہی آپریشن سے دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے‘ آنے والے دن طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران مولانا سمیع الحق نے کہا اس بات میں کوئی شک نہیں پاکستان کا آئین اسلام سے متصادم نہیں صرف ضرورت اس بات کی ہے آئین پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ انہوںنے کہا طالبان کی مذاکراتی کمیٹی بھی سنجیدہ ہے اور حکومت بھی سنجیدہ نظر آ رہی ہے اس لئے طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے زیادہ امکانات ہیں اور اگر حکومت امریکی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کردے تو مذاکرات کی کامیابی سونے پر سہاگہ ہو گا۔ آئندہ ایک دو روز میں طالبان اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے د رمیان ہونے والی ملاقات انتہائی اہم ہو گی جس میں مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے بھی کئے جائیںگے اور میں مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن