پاکستان، بھارت تنازعات پرامن مذاکرات سے حل کرنا ہونگے:جلیل عباس جیلانی
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت میں دیرینہ تنازعات پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، بھارت پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا مثبت جواب دے گا ، پاکستان اور امریکہ آگے بڑھنے کیلئے مذاکرات کے ذریعے وسیع البنیاد جامع اور سڑٹیجک شراکت داری پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ، صدارتی انتخابات کے انعقاد سے افغانستان میں ایک نیا دور شروع ہو گا، پاکستان افغان قیادت میں افغان مصالحتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔ واشنگٹن میں ایشیا سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بھارت پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا مثبت جواب دے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ آگے بڑھنے کیلئے مذاکرات کے ذریعے ایک وسیع البنیاد جامع اور سڑٹیجک شراکت داری پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے امریکی ڈرون حملوں جیسی دیگر رکاوٹوں کو موثر انداز میں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیااور سیکورٹی ، اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبوں میں درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے حکومت کی کوششوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔