• news

صوبہ بھر میں 5 مرلے کے گھروں سے ٹیکس وصولی شروع

لاہور ( نامہ نگار) حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبہ بھر میں اے کیٹیگری میں شامل علاقوں میں پانچ مرلے کے گھروں سے ٹیکس وصولی شروع کردی جبکہ اگلے مرحلے میں ہر گھر کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرلیا جائیگا۔ حکومتی احکامات پر محکمہ ایکسائز نے صوبہ بھر میں اے کیٹیگری میں شامل علاقوں میں پانچ مرلے کے گھروں سے ٹیکس وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ 2004ء میں پانچ مرلہ مکانوں پر پراپرٹی ٹیکس معاف کئے جانے سے پہلے کے بقایاجات وصول کرنے کے لئے بھی مالکان کوجائیدادوں کو سیل کرنے اور گرفتاریوں کے نوٹسز بھی جاری کئے جا رہے ہیں جس سے پانچ مرلے کے مکانوں کے مالکان کی شامت آگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا حکومت نے پانچ مرلے کے مکانوں پر ٹیکس معافی ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے لیکن حکومت نے عوامی احتجاج اور سخت ردعمل کے پیش نظر پہلے مرحلے میں صوبہ بھر میں صرف پوش اور اے کیٹیگری میں شامل علاقوں میں پانچ مرلے کے گھروں سے ٹیکس وصول کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے بعدعوامی ردعمل دیکھ کر پانچ مرلے کے مکانوں پر ٹیکس معافی ختم کرنے کا اعلان کردیا جائیگا۔ اس صورتحال پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اپنے دور حکومت میں پانچ مرلے کے مکانوں اور سینمائوں میں صرف پاکستانی فلموں کی نمائش پر ٹیکس معاف کر دیا تھا مگر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے 2010ء میں بھارتی فلموں کی نمائش پر بھی تفریحی ٹیکس معاف کر دیا جس سے دشمن ملک کی فلم انڈسٹری کو فائدہ پہنچا مگر اب حکومت کے پانچ مرلے کے مکانوں پر ٹیکس معافی ختم کرنے کے فیصلے پر جتنا احتجاج اور افسوس کیا جائے کم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن