• news

تربت میں ایف سی کی کارروائی، کالعدم بی ایل اے کے 5 شدت پسند ہلاک

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) فرنٹیر کور بلوچستان کی تربت کے علاقے پیدراک اور ڈرماکول میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے پانچ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فرنٹیر کور بلوچستان نے ہفتہ کو خفیہ اطلاع پر تربت کے علاقے پیدراک اور ڈرماکول کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا ہی تھا کہ اچانک شرپسندوں نے سیکورٹی فورسز پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بلو چ لبریشن فرنٹ کے 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایف سی کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ مارے جانیوالے شرپسند تربت اوراس سے ملحقہ علاقوں میں تبلیغی جماعت و مذہبی رہنماوں کے قتل، آئی ای ڈیز نصب کرنے اور اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ دریں اثنا انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی کے جوانوں کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹیر کور بلوچستان سیکورٹی فورسز، عام عوام وار قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن