پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا‘ پراکسی وار میں بھارت پیش پیش ہے: حافظ سعید
لاہور (سپیشل رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا کہ حکومت، طالبان کے درمیان جاری مذاکرات نتیجہ خیز موڑ کی جانب بڑھ رہے ہیں اور احیائے نظریہ پاکستان تحریک سے ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ امریکہ، بھارت اور دیگر قوتوں نے جو پاکستان میں کسی صورت امن نہیں چاہتیں، مذاکرات کی فضا سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت، لسانیت اور قومیتوں کے جھگڑے ختم کرنے کیلئے وسیع تر اتحاد قائم کرینگے۔ قریہ قریہ، شہر شہر جا کر لوگوں کو قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کیا جائیگا۔ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بنا تھا، اسکا دفاع بھی اسی نظریہ پر عمل سے ممکن ہے۔ وکلاء نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بے پناہ قربانیاں دیں، ان کی طرف سے احیائے نظریہ پاکستان مہم کی حمایت خوش آئند ہے۔ آج لاہور سمیت پورے ملک میں تاریخی نظریہ پاکستان مارچ ہونگے اور جلسوں، ریلیوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ نظریہ پاکستان مارچ کے سلسلہ میں وکلاء تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے کیمپ پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور بار ایسوسی ایشن، لاہور بار ایسوسی ایشن، الامہ لائرز فورم، الدعوۃ لائرز فورم، حرمت رسولؐ لائرز موومنٹ، پیس لائرز فورم، دفاع پاکستان لائرز فورم، اسلامک لائرز فورم، ریلسٹک لائرز موومنٹ، سادات لائرز فورم اور دیگر وکلاء تنظیموں نے احیائے نظریہ پاکستان تحریک کی بھرپور حمایت کی۔ چیئرمین پیس لائرز فورم ملک نور محمد سرفراز اعوان ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کی کوشش کی گئی تو لاکھوں وکلاء سڑکوں پر ہونگے اور بھرپور احتجاج کرینگے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی پاکستان کو دولخت کرنیوالا بھارت بلوچستان، سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں تخریب کاری میں ملوث ہے۔ پاکستان پر پراکسی وار مسلط کر کے اسے میدان جنگ بنا دیا گیا ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ جنہوں نے 1940ء میں اسلامیان ہند کو اکٹھا کیا، نظریہ پاکستان کی قرارداد منظور کی اور قیام پاکستان کی تحریک چلائی وہ خود بھی وکیل تھے۔ وکلاء کی طرف سے نظریہ پاکستان مہم میں شرکت سے انشاء اللہ اس تحریک پر دوررس اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت سخت مشکل صورتحال سے دوچار ہے۔ مشرقی پاکستان میں باقاعدہ فوجیں داخل کر کے 16 دسمبر 1971ء کو اسے الگ کر دیا گیا اور اگلے دن 17 دسمبر کو لوک سبھا میں اندرا گاندھی نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو ہم نے خیلج بنگال میں ڈبو دیا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان نکالا جا رہا ہے۔ نصاب تعلیم کو تبدیل کر کے ملک کو سیکولر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان دوقومی نظریہ کی بنیادوں پر حاصل کیا گیا، لاالہ الااللہ کی جاگیر ملک ہے اور ایک با رپھر اسی نظریہ کو زندہ کرنے کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی، سندھ و بلوچی کے نعرے ختم کرنے اور پاکستان کے مسائل کا مضبوط حل نکالنے کا واحد طریقہ یہی ہے، ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے ہماری اس تحریک کی حمایت کی ہے جس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے زیراہتمام آج23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوںمیں احیائے نظریہ پاکستان مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ اس حوالہ سے تمامتر تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہو گا۔ پروفیسر حافظ محمد سعیدسمیت قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی۔ جماعۃ الدعوۃ اور المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے احیائے نظریہ پاکستان مہم کے حوالہ سے لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، ملتان، اسلام آباد، حیدر آباداور چکوال سمیت مختلف شہروں میں نظریہ پاکستان ریلیاں نکالی گئیں جن میں سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدارس کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیاکہ 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والے جماعۃالدعوۃ کے احیائے نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور ریلیوںمیں المحمدیہ سٹوڈنٹس بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام جماعۃ الدعوۃ کی احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں چوبرجی چوک سے لاہور پریس کلب تک نظریہ پاکستان ریلی نکالی گئی۔ طلباء نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ لاہور پریس کلب کے سامنے ریلی کے شرکاء سے المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے امیر انجینئرمحمد حارث نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں سیکولر قوتیں دوقومی نظریہ کا تشخص تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں لیکن یہ کاوشیں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے امیرثاقب مجید ،المحمدیہ سٹوڈنٹس لاہور کے ناظم محمد احمد ، المحمدیہ سٹوڈنٹس کے دیگر رہنمائوں راشد علی ،اسامہ شعیب ،طہ منیب اور شرقی زون کے ناظم محمد عثمان نے کہا کہ آج ہم جس مقصد کے لئے اکٹھے ہوئے یہ وہی ہے جس کے لئے ہم 74سال پہلے اکٹھے ہوئے تھے۔