شکیل آفریدی کی سزا غیرمنصفانہ ہے انہیں سنا ہی نہیں گیا: وکیل
پشاور (ثناء نیوز) القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی نشاندہی میں مبینہ طور پر مدد کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے وکیل سمیع اللہ آفریدی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی کی سزا غیر منصفانہ ہے، انہیں سنا نہیں گیا اور نہ ہی شکیل آفریدی کی جانب سے کوئی وکیل پیش ہوا اور نہ کوئی جرگہ ہوا ہے۔ بی بی سی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مقدمے کی سماعت ایسی ہو جس میں شکیل آفریدی خود پیش ہوسکیں اور انکے وکیل بھی انکے ہمراہ ہوں تاکہ یہ انصاف پر مبنی سماعت ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اپیلٹ فورم نے اپنے تفصیلی فیصلے میں پولیٹکل ایجنٹ خیبر ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے خلاف غیر ملکی خفیہ اداروں سے مل کر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا مقدمہ تیار کریں اور پھر اسے عدالت میں پیش کریں۔ یہ تفصیلی حکم گزشتہ روز جاری کیا گیا جبکہ اس مقدمے کا مختصر فیصلہ چند روز پہلے سامنے آیا تھا جس میں شکیل آفریدی کی سزا میں دس سال کی کمی کر کے تئیس سال کر دی گئی تھی۔