تھر میں لوگ بھوک سے مرتے رہے ، وزیراعلیٰ سندھ نے بھنگ پی لی: جمشید دستی
شیخو پورہ ،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی ،اے پی اے) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ بھنگ پی کر چاچا بھنگی بنے رہے اور تھر میں عوام بھوک سے مر رہے ہیں۔ چولستان میں بھی عوام مر رہے ہیں اور پنجاب کے حکمران پروٹوکول کے چکر میں ہیں۔ شیخوپورہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ دوسروں کو گڈ گورنس کا کہنے والے پہلے آپس کے معاملات کو تو درست کرلیں۔ پنجاب میں قانون کی مونچھوں والی سرکار اور مرکز میں بجلی چوروں کے سربراہ وزیر کو تو آپس میں ہی گالیاں دینے میں فرصت نہیں، میاں برادران کو قوم نے بڑی امیدوں کے ساتھ حکمران بنایا مگر اب قوم ان سے بھی مایوس ہو چکی ہے، ملک میں ساری دہشت گردی حکمرانوں کی وجہ سے ہے اگر یہ ایشو ملک سے ختم ہوجائیں تو حکمرانوں کے بھتے ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایکشن پاور ہوتی تو وہ مظفر گڑھ کے جاگیر داروں کو لٹکا دیتے، مظفر گڑھ میں انصاف نہ ملنے پر آگ لگا کر زندگی کی بازی ہار جانے والی آمنہ کیس میں وزیراعلیٰ ذمہ داروں کو خود پروٹوکول دے رہے ہیں۔ مزید برآں شیخوپورہ میں نامہ نگار خصوصی کے مطابق جمشید دستی نے کہا ہے کہ ملک سے جاگیرداری کا فرسودہ نظام ختم ہونے تک قومی وسائل کی مصنفانہ تقسیم نہیں ہوسکتی عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے خود میدان عمل میں اترنا ہوگا، نوجوان نسل سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے۔ نوجوانوں کو اپنی تمام صلاحیتوں کو علم کے حصول پر صرف کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا روڈ پر سکول میں جلسہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمشید دستی نے کہا کہ میں اپنے دور طالب علمی کے زمانہ میں انڈے فروخت کرکے اور بکریاں بیچ کر تعلیمی اخراجات پورا کرتا تھا۔ میں آج پارلیمنٹ کا رکن ہوں مگر آج بھی مجھے ایک مزدور کا بیٹا ہونے پر فخر ہے تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔