پاکستان میں امریکی سفارتخانہ بن غازی طرز کے حملے سے نمٹنے کے وسائل نہیں رکھتا: بھارتی خبر رساں ایجنسی کا دعویٰ
نئی دہلی‘ واشنگٹن(آئی این پی) بھارتی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے پاکستان میں موجودامریکی سفارتخانوں کے پاس بن غازی طرز کے حملے سے نمٹنے کیلئے وسائل اور صلاحیت موجود نہیں۔ ہفتہ کو بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی اے نے امریکی محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ‘ کراچی‘ لاہور اور پشاور میں قونصلیٹ جنرل ہنگامی ایکشن پلان رکھتے ہیں تاہم وسائل کی کمی تشویش کا باعث ہے۔ ان سفارتخانوں یا قونصلیٹس پر اچانک بڑا حملہ ہوگیا تو اپنے آپ کو بچانے کیلئے انکے پاس درکار وسائل موجود نہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کے مطابق محکمہ خارجہ کے واچ ڈاگ نے مشورہ دیا ہے جس جگہ سفارتخانے قائم ہیں انہیں درکاری ضروری وسائل فراہم کئے جائیں اور ہنگامی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔