طالبان سے قیدیوں کے تبادلے پر حکومت میرے‘ سلمان تاثیر کے بیٹے کو یاد رکھے: یوسف گیلانی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم پر مسلم لیگ (ن) بطور اپوزیشن بہت تنقید کرتی رہی ہے مگر ہم انکی حکو مت کے وژن کو تنقید کا نشانہ نہیں بناتے‘ حکو مت کے طالبان سے مذاکرات کے عمل کو سپورٹ کرتے ہیں‘ دہشت گردی کے خاتمے سے ملک میں بہت سے مسائل حل ہو سکیں گے۔ جب حکومت اور طالبان میں قیدیوں کا تبادلہ ہو تو حکومت کو میرے بیٹے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی یادرکھنا چاہیے۔ اتوار کے رات لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا پیپلز پارٹی کی حکومت پہلے دن سے ہی ملک میں امن کو سپورٹ کرتی ہے اسی لیے ہم نے حکومت سے جاری طالبان سے مذاکراتی عمل کو بھی سپورٹ کیا ہے اور امید کرتے ہیں کہ مذاکرات سے ملک میں امن قائم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت اور طالبان میں قیدیوں کا تبادلہ ہو تو حکومت کو میرے بیٹے اور سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔