قومی اسمبلی کا اجلاس آج شروع ہو گا‘ وزیر داخلہ طالبان سے مذاکرات پر پیشرفت سے آگاہ کرینگے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کا اجلاس آج شروع ہو گا جو 11 اپریل تک جاری رہے گا۔ وزیر داخلہ طالبان سے مذاکرات پرپیشرفت سے ایوان کو آگاہ کرینگے۔اجلاس کی صدارت سپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال، طالبان سے ہونیوالے مذاکرات، ایک دوست ملک کی طرف سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد، تھر اور چولستان میں قحط کی صورتحال اور دیگر قومی و بین الاقوامی امور زیر بحث لا نے سمیت قانون سازی کے لئے متعدد بل بھی پیش کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ایوان کو طالبان سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے جبکہ وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار ملک کی معاشی صورتحال کی تفصیلات ایوان میں پیش کریں گے۔