پاکستان اسلام کا ناقابل مسخیر قلعہ اور امہ کی امنگوں کا مرکز ہے : حریت کانفرنس
سرینگر (کے پی آئی، این این آئی) یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند سیاسی جماعتوں نے پاکستانی عوام اور وہاں کی حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین حریت’’گ‘‘ سید علی گیلانی نے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کو پورے عالم اسلام میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور دنیا کے تمام مسلمانوں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی مبنی برحق جدوجہد کے تیئں پاکستان کی بے لوث سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت کو عالمی سطح پر کشمیریوں کے کاز کو مل رہی پذیرائی کا ایک مناسب اور بااثر وسیلہ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل تک پاکستان کی جملہ سطحوں پر حمایت جاری رہے گی۔ حریت کانفرنس’’ش‘‘ جموں کشمیر کے قائد شبیر احمد شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر حمایت کر کے جو غیرمعمولی تاریخی رول پاکستانی قوم نے ادا کیا ہے اس کے لئے پوری کشمیری قوم ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے عالم اسلام میں پاکستان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف کشمیری قوم کی امیدوں کا مرکز ہے بلکہ پورا عالم اسلام پاکستان کو اسلام کا ناقابل تسخیر قلعہ مانتا ہے۔ ادھر حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جملہ حریت قیادت اور کشمیری عوام کی طرف سے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کے غیور عوام اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی مبنی برحق جدوجہد کے پاکستان کی بے لوث سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت کو عالمی سطح پر کشمیریوں کے کاز کو مل رہی پذیرائی کا ایک مناسب اور بااثر وسیلہ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل تک پاکستان کی ہر سطح پر حمایت جاری رہے گی۔ میر واعظ نے پاکستان کی سالمیت اور اقتصادی اور معاشی خوشحالی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور اقتصادی طور پر ایک خوشحال پاکستان پورے جنوبی ایشیائی خطے کے امن واستحکام کیلئے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر حمایت کر کے جو غیرمعمولی تاریخی رول پاکستانی قوم نے ادا کیا ہے اس کے لیے پوری کشمیری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے عالم اسلام میں پاکستان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف کشمیری قوم کی امیدوں کا مرکز ہے بلکہ پورا عالم اسلام پاکستان کو اسلام کا ناقابل تسخیر قلعہ مانتا ہے۔ انہوں نے کہا میرا ماننا ہے کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے ایک مضبوط پاکستان اہم رول ادا کر سکتا ہے۔ سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈیمو کریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ اور جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ محمد شفیع نے مشترکہ بیان میں یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تمام عالم اسلام کی امیدیں ہیں انہوں نے مسلمانان پاکستان سے اپیل کی کہ وہ پاکستان نظریاتی بنیاد اسلام سے رشتہ مضبوط تر کریں اور اس کے مفاد کیلئے فوری اقدام کریں۔ تاکہ یہ ملک عملی طور پر دنیا بھر کے سامنے نظام اسلام کی ایک زندہ مثال بن کر پیش ہو۔ لبریشن فرنٹ (آر) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور چیئرمین فاروق احمد ڈار نے کہا کہ 23 مارچ ایک تاریخی دن ہے۔