یوم پاکستان تجدید عہد کا دن، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے پُرعزم ہیں: حمزہ شہباز
لاہور (خبرنگار) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم میں بڑا جذبہ ہے، سیلاب ہو، زلزلے ہوں یا دہشت گردی، پاکستانی قوم کے حوصلے اور اعتماد کو متزلزل نہیں کرسکتی۔ یوم پاکستان کے دن ہم سب کو عہد کرنا چاہئے کہ ملک کو کسی صورت جمہوریت کی پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جمہوریت سے لازم و ملزوم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی پارک میں جشن بہاراں کے سلسلہ میں مختلف پروگراموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے سکولوں کے بچوں اور منتظمین کو تعریفی اسناد و شیلڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن اور ارکان اسمبلی وحید گل، رانا ارشد، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے اور وائس چیئرمین پنجاب ٹورازم عمران علی گورائیہ موجود تھے۔ اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ملی ترانے پیش کئے۔ حمزہ شہباز نے خطاب میں کہا کہ سٹی پریڈ کا سلسلہ دوبارہ بحال کرنے پر ضلعی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہماری خواتین اور نئی نسل میں آگے بڑھنے کا جذبہ قوم کو پوری دنیا میں ممتاز بناتا ہے۔ اس سال ہمارے نوجوان 60عالمی ریکارڈز کو توڑنے کیلئے کوشاں ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف صحیح معنوں میں نوجوان نسل کو ملک کا مستقبل سمجھتے ہیں چنانچہ ذہین مگر نادار بچوں کیلئے 10 ارب روپے کے تعلیمی انڈومنٹ فنڈ کے بعد کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مستحق بچوں کیلئے بھی 2 ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شبانہ روز کوششوں کی بدولت پوری توقع ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ایک سال میں نہ ہونے کے برابر رہ جائیگی، اسی طرح تربیلا اور بہاولپور جیسے بجلی کے پیداواری منصوبے بہت جلد بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا پیغام لائیں گے۔