• news

نظریہ پاکستان محفوظ رکھنے میں مدارس کا بڑا کردار ہے: مقررین، پیغام امن کانفرنس

کراچی (آئی این پی) مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین اور جید اکابر علماء نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ مدارس کے خلاف اگر کوئی اقدام کیا گیا تو بھرپور انداز میں مدارس کے علمائ، طلباء اور مسلمان مدارس کا دفاع کریں گے، مدارس کے خلاف سازش عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، آئین کو نہ ماننا جتنا بڑا جرم ہے اتنا ہی بڑا جرم آئین پر عمل نہ کرنا ہے، مدارس اپنے نصاب میں آئے روز جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور تبدیلی کرتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ عصری تعلیمی اداروں پر بھی توجہ دے۔ نظریہ پاکستان کو محفوظ رکھنے میں مدارس کا سب سے بڑا کردار ہے، مدارس عمارت کا نام نہیں بلکہ استاد اور شاگرد کے باہمی تعلق کا نام ہے جس کو مغربی قوتیں اور انگریز ختم نہیں کرسکا اور نہ ہی آئندہ ختم کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ دارالعلوم کراچی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیراہتمام عظمت مدارس دینیہ اور پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان نے کی جبکہ کانفرنس سے مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی، شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، اہل سنت والجماعت پاکستان کے سربراہ، مولانا محمد احمد لدھیانوی، جے یو آئی کے رہنما مولانا حافظ حسین احمد، وفاق المدارس کے سیکریٹری قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا حق نواز، مولانا ادریس، مولانا سعد یوسف، مولانا قاضی محمود الحسن اشرف، مولانا عدنان کاکا خیل، مولانا اسفند یار خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں ملک بھر سے اکابر علمائے کرام نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن