بلدیاتی انتخابات سے انکار نہیں کر رہے‘ ہر وقت تیار ہیں: رانا ثناء
لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات سے انکاری نہیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں کرنی ہیں، ہم ہر وقت بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار ہیں‘ پنجاب میں ہمیں تحریک انصاف سمیت کسی سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کا جو حشر 2013ء میں ہوا 2018ء میں اس سے مختلف نہیں ہو گا۔ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ ہم تو پہلے بھی 30جنوری کو بلدیاتی انتخابات کروانے کیلئے تیا ر ہو چکے تھے لیکن اپوزیشن نے خود ہی معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا جس کی وجہ سے اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے۔ تحریک انصاف نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو کام کئے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔ ثناء نیوز کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مذاکرات کے حامی گروپوں کے ساتھ مذاکرت اور ہتھیار اٹھانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ احرار الہند کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں لیکن ابھی کوئی شناخت نہیں ہو سکی۔ طالبان کیساتھ مذاکرات کے دوران امریکہ کو ڈرون حملوں سے باز رہنا چاہیے۔ رواں سال کے آخر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی۔ یورپ کی آنکھ کا تارا بننے کیلئے نرسوں کے احتجاج میں این جی اوز نے منفی کردار ادا کیا، مظلوم لوگوں کو خود سوزی پر آمادہ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔