• news

پارلیمنٹ لاجز میں ناپسندیدہ سرگرمیاں :خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

اسلام آباد  (ثناء نیوز) پارلیمنٹ لاجز میں ناپسندیدہ سرگرمیوںکی تحقیقات کے لئے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج (پیر کو) پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا ۔ آئی بی کے متعلقہ افسران کو اس معاملے پر بلایا گیا ہے وہ پارلیمنٹ لاجز میں آمد و رفت ، سکیورٹی دیگر معاملات پر بریفنگ دیں گے ۔ ڈی ایس پی سکیورٹی پارلیمنٹ لاجز  کو بھی بلایا گیا ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں قابل اعتراض سرگرمیوں کی تحقیقات کے لئے کمیٹی کا یہ چوتھا اجلاس ہو گا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی سربراہی میں کمیٹی میں اس معاملے پر تحقیقات ہو رہی ہیں کمیٹی میں مسلم لیگ ( ن ) ، تحریک انصاف ، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم اور جے یو آئی ( ف) کے نمائندے شامل ہیں الزامات لگانے کے محرک جمشید دستی کمیٹی میں پیش ہو چکے ہیں تاہم  ان کا مطالبہ ہے کہ یہ تحقیقات سپیکر قومی اسمبلی کی نگرانی میں ہونی چاہئیں اور تحقیقاتی کمیٹی کو وسعت دی جائے ۔ کمیٹی کا اجلاس آج اہم نوعیت کا ہو گا ۔خفیہ ادارے کے متعلقہ افسران کی جانب سے بریفنگ اور سکیورٹی حکام کا موقف سننے کے بعد آج کمیٹی کی جانب سے سپیکر کو رپورٹ بھیجے جانے  کا امکان ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن