شہباز شریف کا شدید بارش میں 2گھنٹے تک آشیانہ اقبال کا دورہ، کیچڑ میں کھڑے ہو کر سائٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز شدید بارش میں 2گھنٹے تک برکی روڈ پر آشیانہ اقبال کی سائیٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو پہلے آشیانہ اقبال کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے بریفنگ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے بارے میں دریافت کیا تو متعلقہ افسران کوئی جواب نہ دے سکے جس پر شہبازشریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ متعلقہ افسران کو سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے بارے علم نہیں۔ آشیانہ اقبال کے حوالے سے متعلقہ افسران نے جو غفلت اور کوتاہی برتی ہے اس کا کڑا احتساب ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بارش میں کھڑے ہو کر آشیانہ اقبال کے مختلف حصے دیکھے اور وزیراعلیٰ کیچڑ میں پیدل چل کر خود صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی کارکردگی مایوس کن قرار دیتے ہوئے سخت ناراضگی کا ا ظہار کیا اور فوری طور پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔