• news

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سٹرٹیجک مذاکرات کا دوسرا رائونڈ برسلز میں شروع ہوگیا

برسلز (آئی این پی) پاکستان اور یورپی یونین کے مابین سٹریٹجک مذاکرات کا دوسرا رائونڈ   پیر کو برسلز میں شروع ہوگیا  ‘ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی  سلامتی و امور خارجہ  سرتاج عزیز کی سربراہی میں  پاکستانی وفد مذاکرات میں شریک ہے‘  مذاکرات میں  خطے کی صورتحال نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلاء سمیت جی ایس پی پلس پر عملدرآمد اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائیگا۔   یورپی یونین کے وفد کی قیادت امور خارجہ و سکیورٹی پالیسی کی سر براہ کیتھرین آشٹن  کررہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق  مذاکرات میں     جی ایس پی پلس پر عملدر آمد‘    بھارت کے لئے ایم ایف این کی وفاقی کابینہ سے عدم منظوری اور پارلیمنٹ میں سزائے موت کے خاتمے کا ترمیمی بل پیش نہ ہونے پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو سخت سوالات کا سامنا کرنا ہو گا، بھارت کو ایم ایف دیئے بغیر پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھانا  مشکل ہو گا۔ وفاقی کابینہ سے بھارت کے لئے ایم ایف این سٹیٹس کی عدم منظوری اور پارلیمنٹ میں سزائے موت کے قانون کے خاتمے کے لئے ترمیمی بل پیش نہ ہونے پر مشیر برائے امور خارجہ کا یورپی یونین کے ساتھ سٹرٹیجک مذاکرات میں سبکی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کو ڈبلیو ٹی او سمیت اقوام متحدہ کے 17کنونشنوں پر عملدر آمد کے لئے تین ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز دوران مذاکرات یورپی یونین سے جی ایف پی پلس کی شرائط پر عملدر آمد کے لئے جون 2014ء تک کی نئی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی درخواست کریں گے تاہم اس کا دارومدار یورپی پارلیمنٹ پر ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن