تھر: وزیراعظم کی امداد سے پھوٹی کوڑی نہ ملی، شرجیل میمن: 50 کروڑ جاری کر دیئے، اسحاق ڈار
کراچی + اسلام آباد (وقائع نگار+آئی این پی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے حوالے سے تمام حقائق اور سندھ حکومت کے خلاف ہونے والی سازشوں سے وزیراعلیٰ سندھ آج منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پردہ اٹھائیں گے۔ تھرپارکر میں ریلیف کا کام صرف سندھ حکومت کررہی ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے لئے ایک ارب روپے کی امداد میں سے پھوٹی کوڑی عوام کو ابھی تک نہیں ملی۔ اجلاسوں میں بیٹھ کر اعلان کرنا اور عملی طور پر کام کرنے میں بڑا فرق ہے۔ سندھ اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھرپارکر میں بچوں کی اموات پر ہمیں افسوس ہے لیکن ان اموات کی آڑ میں جو سازش سندھ حکومت کے خلاف کھیلی گئی اسے بے نقاب کیا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ تھرپارکر میں آج بھی پوری تیز رفتاری کے ساتھ ریلیف کا کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کم و بیش 6 مرتبہ خود تھرپارکر گئے۔ انہوں نے کہا آج چولستان کی جو صورت حال ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ وہاں کی 90 فیصد آبادی وہاں سے ہجرت کرکے جاچکی ہے جبکہ تھرپارکر کی 20 فیصد آبادی بھی ہجرت کرکے نہیں گئی تھی لیکن میڈیا اس پر بھی خاموش ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی ٹارگٹڈ ایکشن کسی صورت بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی خطرناک قیدیوں کو اندرون سندھ منتقلی پر کسی قسم کی کوئی مفاہمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین میڈیا پر آنے والی خبروں پر کسی قسم کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو جو اختیارات ملے ہیں اس کے تحت حلقہ بندیوں کا اختیار صوبائی حکومت کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر سندھ حکومت سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے 77 ہزار خاندانوں کو دس ہزار رو پے فی کس امداد کی فراہمی کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ ایک ارب روپے کے پیکج کے تحت 50 کروڑ روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو منتقل کئے جاچکے ہیں بقیہ 50 کروڑ روپے مئی کے وسط میں فراہم کئے جائیں گے۔ پیر کو وزارت خزانہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ضلع تھرپارکر کے قحط زدہ عوام کو سہ ماہی بنیادوں پر 10 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جوکہ 10‘ 10 ہزار روپے کی دو قسطوں میں فراہم کی جائے گی۔دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تھر پارکر کے متاثرین کیلئے وزارت خزانہ نے 50 کروڑ روپے کی امداد جاری کر دی ہے اور یہ امداد آئندہ دو دن میں تھر پارکر کے 77 ہزار مستحق خاندانوں میں انکے بینک اکائونٹس کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔ پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا بی آئی ایس پی کے مستحقین کو فی کس 6400 روپے امداد دی جائے گی۔