5 مغوی ایرانی اہلکاروں میں سے ایک قتل، پاکستان نے تحقیقات شروع کر دی
تہران (نوائے وقت رپورٹ / نیوز ایجنسیاں) ایران کے اغوا کئے گئے 5 سرحدی محافظوں میں سے ایک جمشید وانیفر کو قتل کر دیا گیا۔ ایرانی خبر ایجنسی فارس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سرحدی محافظ کو جیش العدل نامی تنظیم نے قتل کیا۔ پاکستان نے ایرانی سرحدی محافظ کے قتل کی اطلاع پر تحقیقات شروع کر دیں‘ اغوا کئے گئے دیگر 4 محافظ تاحال یرغمال ہیں۔ ایرانی سرحدی محافظوں کو 6 فروری کو پاکستان کے ساتھ ملحق سرحدی علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔ ترجمان ایرانی وزارت داخلہ نے محافظ کے قتل کی تصدیق کر دی۔ جاری ویڈیو میں جمشید کو دیگر 4 اہلکاروں کے ہمراہ کی دیوار کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا ہے۔ قبل ازیں کالعدم تنظیم جیش العدل نے اپنی ویب سائٹ پر اہلکار کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔