ہینڈ بال چیمپئن شپ: افغانستان کو شکست، پاکستان نے دوسرا میچ بھی جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت کے شہر نویڈا میں منعقدہ ساؤتھ ایشین ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم نے دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ میں افغانستان کو شکست سے دوچار کیا جس میں پاکستان کی فتح کا سکور 42-24 گول رہا۔ اس سے قبل پاکستان ہینڈ بال ٹیم نے نیپال کو 38-23 گول سے مات دی تھی۔ پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ آج بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم 26 مارچ کو فائنل میچ میں بھارت کے مد مقابل ہوگی۔