• news

پنجاب کے تمام اضلاع میں انٹی ٹیررسٹ فورس کے دفاتر بنانے کا فیصلہ

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب حکومت نے صوبہ کے تمام 36 اضلاع میں اینٹی ٹیررسٹ فورس کے دفاتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر 8 اضلاع میں دفاتر کی فوری تعمیر کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں مرحلہ وار باقی اضلاع میں دفاتر کی تعمیر کی جائیگی۔ فورس کی باقاعدہ ٹریننگ کیلئے فورس لائینز بھی بنائی جائیں گی جو دفاتر کے بالکل ساتھ ہونگی۔ اینٹی ٹیررسٹ فورس کے قیام کا مقصد امن و امان کا قیام یقینی بنانا اور کسی بھی اضلاع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دہشت گردوں کیخلاف فوری کارروائی کرنا ہے۔ اس حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایت پر بورڈ آف ریونیو نے آٹھ اضلاع میں فورس کے دفاتر اور لائنز کی تعمیر کیلئے تیزی سے کام شروع کر دیا ہے اور مناسب مقامات پر سرکاری زمین کی تلاش جاری ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کیجانب سے اینٹی ٹیررسٹ فورس کے دفاتروں کیلئے بورڈ آف ریونیو سے بہاولنگر میں 15 کنال، ڈیرہ غازیخاں میں 20 کنال، شیخوپورہ میں 16 کنال، سیالکوٹ میں 15 کنال، قصور میں 15 کنال، گجرات میں 16 کنال، گوجرانوالہ میں 25 کنال اور لاہور میں 26 کنال زمین دینے کی درخواست کی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ دفاتر اور ٹریننگ لائنز کیلئے منتحب کی جانیوالی جگہ کے چاروں اطراف موجود زمین سرکاری ہونی چاہئے اور اس پر کسی قسم کی تعمیرات نہیں ہونی چاہیے تاکہ بوقت ضرورت موجود زمین کو قابل استعمال لایا جا سکے۔ متعلقہ 8 اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹروں کیجانب سے مختلف مقامات پر زمین کی موجودگی کی رپورٹیں ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائی جارہی ہیں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد یہ زمین محکمہ داخلہ پنجاب کے نام ٹرانسفر کر دی جائیگی جس پر اینٹی ٹیررسٹ فورس لائنز اور دفاتر کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن