فاٹا اور قبائلی علاقوں میں 550 سکول دہشت گردی کی نذر ہو گئے: رپورٹ
پشاور (ثنا نیوز‘ آئی این پی) خیبر پی کے حکومت کی تیارکردہ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں مختلف آپریشنز میں اب تک 550 سکول تباہ ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عسکریت پسندی اور اس کے خلاف مختلف آپریشنز میں اب تک 550 سکول تباہ ہوئے جن میں سب سے زیادہ 97 باجوڑ ایجنسی میں تباہ ہوئے۔ وفاق کے زیرانتظام علاقوں فاٹا اور فرنٹیئرریجنز میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں تباہ ہونے والوں میں 153 سکول لڑکیوں کے ہیں۔ دوسرے نمبر پر مہمند ایجنسی میں 92 سکول تباہ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر اورکزئی ایجنسی میں 72‘ خیبر ایجنسی میں 61‘ کرم ایجنسی میں 61‘ جنوبی وزیرستان میں 36 جبکہ شمالی وزیرستان میں 33 سکول متاثر ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق ایف آر پشاور‘ ایف آر کوہاٹ‘ ایف آر ٹانک اور ایف آر لکی میں بالترتیب 15‘ 32‘ 11 اور 12 سکولوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر فاٹا سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق تباہ شدہ سکولوں میں سے 152 سکولز کی دوبارہ تعمیر کا کام جاری ہے اور اب تک 85 سکولوں کو ازسونو تعمیر کیا گیا ہے۔