اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فورٹ عباس کیمپس میں کلاسیں شروع نہ ہوسکیں، طلباء کا مستقبل مخدوش
ملتان (خصوصی نمائندہ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فورٹ عباس کیمپس میں ماسٹرز اور بی بی اے کی کلاسیں شروع نہ ہونے کے باعث داخلہ لینے والے چار سوسے زائد طالب علموں کا مستقبل مخدوش ہو گیا۔ متاثرہ طالب علموں نے 28 مارچ کو احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان کسان اتحاد اور جمشید دستی ایم این اے نے حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کی پسماندہ تحصیل فورٹ عباس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فورٹ عباس کیمپس کا افتتاح کیا تھا۔ پاکستان کسان اتحاد کے سربراہ چودھری عمر نور نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیم عام کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لئے فوری احکام جاری کریں۔ جمشید دستی نے کہا کہ کلاسوں کا اجراء نہ کیا جانا جنوبی پنجاب کے ساتھ زیادتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو 400 سے زائد طالب علموں کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانا چاہئے۔