موجودہ حکومت بھی کرپٹ‘ ادارے تباہی کی طرف جا رہے ہیں: جسٹس (ر) افتخار چودھری
کہوٹہ (نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن) سابق چیف جسٹس آ ف پاکستان افتخار محمد چودھری نے سابق حکومت کے بعد اب موجودہ حکومت کو بھی کرپٹ قرار دے دیا۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے‘ تاہم عوام مایوس نہیں۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ منگل کے روز وکلاء برادری سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے جس طرح سے آئین و قانون کی پاسداری کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے‘ وہ ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوںنے کہا اب وقت آگیا ہے کہ لوگ اپنے اچھے بُرے کو پہچانیں۔ ملک میں کرپشن روکنے کا کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔ عوام پریشان ہیں۔ ادارے تباہی کی جانب جارہے ہیں۔ پہلے ماضی کی حکومت پر اعتراضات تھے اب موجودہ حکومت بھی کرپشن کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات نہیں اٹھا رہی ۔ ملک میں جمہوری قدروں کو مضبوط کرنے کیساتھ ساتھ آئین و قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے سیاست میں آنے کا امکان مسترد کر دیا اور کہا کہ تھنک ٹینک قائم کرکے عوام کی خدمت کا ارادہ رکھتے ہیں اور فی الحال ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ کسی کو ناامید نہیں ہونا چاہئے۔ ملک میں کرپشن بہت زیادہ ہے۔ ملک میں ایسا کوئی ادارہ نہیں جو کرپشن کو دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ مشکل فیصلوں کے وقت اپنوں اور غیروں میں فرق نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا میڈیا‘ وکلاء اور سول سوسائٹی نے عدلیہ بحالی تحریک میں اہم کردار ادا کیا۔