• news

پردیسیوں کو ہے اک دن جانا… معروف اداکارہ نندا ممبئی میں انتقال کر گئیں

ممبئی (نیٹ نیوز) 1960 اور 70 کی دہائی کی مشہور اداکارہ نندا کا ممبئی میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ 75 سال کی تھیں۔ انکے انتقال کی خبر ملتے ہی انکی قریبی سہیلیاں نندا کے گھر پہنچ گئیں۔ واضح رہے کہ نندا نے مندر، جگّو‘ اور جاگریتی جیسی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کریئر کا آغاز کیا اور انھوں نے تاعمر شادی نہ کی۔ مشہور فلم ساز وی شانتا رام نندا کے چچا تھے۔ انھوں نے نندا کو 1956 میں فلم ’طوفان اور دیا‘ میں ہیروئین کے طور پر لانچ کیا تھا۔ نندا نے 60 ، 70 اور 80 کی دہائی میں دیو آنند، ششی کپور، شمی کپور سمیت کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کئی فلمیں کیں۔ ان کی یادگار فلموں میں بھابھی، دھول کا پھول، چھوٹی بہن، آنچل، کالا بازار، آج اور کل، نرتکی، جب جب پھول کھلے، گمنام، شور، جورو کا غلام وغیرہ شامل ہیں۔ 80 کی دہائی میں انہوں نے ’پریم روگ‘ اور ’مزدور‘ جیسی کامیاب فلموں میں کردار ادا کئے۔ ششی کپور کے ساتھ ان کی جوڑی بہت کامیاب رہی اور دونوں نے چھ سے زیادہ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان پر فلمائے گئے پردیسیوں سے نہ اکھیاں ملانا، اک پیار کا نغمہ ہے، یہ سماں سماں ہے یہ پیار کا… جیسے مشہور گیت آج بھی لوگوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن