سنیٹر اقبال ظفر جھگڑا کی صحت میں بہتری
لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا تیزی سے رو بہ صحت ہیں۔ ڈاکٹروں نے حالت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں آئندہ دو سے تین روز میں ڈسچارج کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہیگ جاتے ہوئے راستے سے فون کر کے کہا ہے کہ وہ وطن واپسی پر خود بیمار پرسی کیلئے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد، گورنر خیبر پی کے شوکت اللہ خان، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر نے ٹیلیفون پر انکی خیریت دریافت کی جبکہ پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفر الحق، وفاقی وزیر خرم دستگیر، سردار مہتاب عباسی، پیر صابر شاہ، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور سمیت دیگر نے انکی ہسپتال میں عیادت کی۔