• news

طالبان سے مذاکرات میں ہر روز پیشرفت ہو رہی ہے‘ بنگلہ دیش میں کرکٹ میچوں کے دوران پرچم لہرانے پر پابندی درست نہیں : پرویز رشید

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید نے کہا ہے کہ طالبان سے جاری مذاکراتی عمل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نئی پیش رفت ہو رہی ہے، ملک میں مستقل طور پر فائر بندی اور امن کے قیام کیلئے بااختیار حکومتی مذاکراتی کمیٹی طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے، پاک فوج صرف پاکستان کے دفاع کیلئے ہے کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کے الزامات لگانے والے ملک کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں، پاکستان کے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر حکومت کی پالیسی واضح ہے، بنگلہ دیش میں کھیلوں کے دوران غیرملکی جھنڈے لہرانے پر پابندی درست نہیں، اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کرنا پارلیمنٹ کی صوابدید ہے، مولانا شیرانی کی سفارشات عوام میں تحلیل ہو چکی ہیں، قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر اطلاعات تک رسائی کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے، میڈیا کمیشن 2013ء کی سفارشات پر ہر صورت عمل کریں گے۔ وہ جمعرات کو یہاں میڈیا کمیشن 2013ء کی رپورٹ کی کتابی شکل میں اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے سیکرٹ فنڈ ختم کر دیا ہے، میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا عمل جاری ہے، میڈیا مالکان ، صحافتی تنظیموں کی سفارشات کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ملکی سیاست اور معاشرے کی عکاسی کرتا ہے، ابھی تک بدقسمتی سے ملک میں بدقسمتی سے جمہوری عمل فروغ نہیں پا سکا جس کے باعث میڈیا کے حوالے سے مختلف لوگوں کو شکایتیں ہیں۔ پابندی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ طاقت کا استعمال ہمیشہ ہی معاملات کو بگاڑتا ہے۔ پاکستانی میڈیا ابھی ارتقاء کے عمل سے گزر رہا ہے، بہت جلد عوام کو میڈیا کے حوالے سے پائی جانے والی شکایات ختم ہو جائیں گی۔ اسلامی نظریہ کونسل کی دوسری شادی کے حوالے سے سفارشات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کونسل کی سفارشات سے کسی بھی سیاسی جماعت نے اتفاق نہیں کیا ، جس کے باعث کونسل کی سفارشات تحلیل ہو گئی ہیں۔ اسلامی نظریہ کونسل کا کام صرف سفارشات دینا ہے ان سفارشات پر عملدرآمد کرنا یا نہ کرنا پارلیمنٹ کی صوابدید ہے۔ ماما قدیر کی کوریج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ماما قدیر سمیت کسی بھی ایسے شخص کی کوریج کو روکنے کے لئے ٹی وی چینلز کو کوئی خط جاری نہیں کیا پیمرا کے پاس بھی ٹی وی چینلز پر کسی کی کوریج رکوانے کا اختیار نہیں۔ پی ٹی وی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کو بی بی سی کی طرز پر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں  اس حوالے سے جلد سفارشات منظوری کے لئے وزیر اعظم کو بھیجی جائیں گی۔ اطلاعات تک رسائی کے بل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت جلد یہ بل قائمہ کمیٹی کی سفارشات کو مد نظر رکھ کر منظوری کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ حکومت صحافیوں کی آزادی، ان کی سلامتی کے لئے کوشاں ہے، وزیر اعظم خصوصی طور پر صحافیوں کے تحفظ کے لئے سنجیدہ ہیں انہوں نے اس حوالے سے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کمیشن کی سفارشات پر عمل کرے گی  پاکستان کو صحافی دوست ملک بنانے کے لئے تمام اقدامات صرف کرے گی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے پرچموں کو گرائونڈز میں لہرانے پر عائد کی گئی پابندی درست نہیں، یہ پابندی نہیں ہونی چاہئے، بنگلہ دیشی حکومت سیاست کو کھیل سے دور رکھے۔ کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے اگر شائقین کھیل پر ایسی پابندیاں لگائی جائیں گی تو پھر کرکٹ کو ان ڈور گیم بنا کر ٹی وی تک محدود کر دینا چاہئے۔ طالبان سے جاری مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کو حکومت نے مکمل اختیار دیا ہے، حکومت روزانہ کی بنیاد پر ملکی مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ پاکستان ہمسائیہ ممالک سمیت کسی بھی ملک کے معاملات میں مداخلت نہ تو کرتا ہے اور نہ کرنے دیتا ہے۔  پاک فوج پاکستان کے تحفظ اور بقاء کے لئے بنائی گئی ہے۔حکومت سے نہ تو کسی حکومت نے فوج مانگی ہے نہ ہی پاکستان کسی ملک کو فوج دے رہا ہے ، فوج کو کسی دوسرے مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا رہا۔ پاکستانی فوج کے کسی دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کرنے کے حوالے سے سوالات کرنے والے ملک کو بدنام کر رہے ہیں اور ایسے شکوک و شبہات پیدا کرنے والے افراد کے پاس اگر کوئی ایسے ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔ پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کے حوالے سے سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ صحافی کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نہیں بن سکتا۔ نجم سیٹھی کرکٹ کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ وہ کرکٹ بورڈ کے بہت اچھے ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں۔ موٹروے ، میٹرو منصوبوں پر تنقید کرنیوالے اب خود ہی ان پر سفر کر رہے ہیں حکومت عوام کو معیاری سفر کی فراہمی کے لئے ایسے منصوبے جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 50کروڑ روپے آج تھر متاثرین کے اکائونٹس میں آج منتقل کر دئیے جائیںگے، باقی 50کروڑ روپے مئی میں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کسی دوسرے ملک بھیجنے کے معاملے پر بار بار سوال اٹھانے والے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان واضح کر چکے ہیں کہ طالبان مذاکرات کرنے والے سرکاری کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے۔ پاکستان بھارت تعلقات کو بہتر بنانے کے بارے میں وزیراعظم نوازشریف کے ویژن کو مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت اور تائید حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن