لاہور: ایک کروڑ سے زائد کے ڈاکے، قصور میں ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ قصور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا اپنا ساتھی ہلاک ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے گارڈن ٹاؤن کے علاقہ میں ذیشان کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 13 لاکھ روپے مالیت، نشتر کالونی میں اعجاز کے گھر سے 10 لاکھ روپے، رائے ونڈ میں رحمت علی کے گھر سے 8 لاکھ روپے، کاہنہ میں سراج حسن کے گھر سے 8 لاکھ روپے، نواب ٹاؤن میں کامران کے گھر سے 7 لاکھ روپے، شاہدرہ ٹاؤن میں ارسلان کے گھر سے 7 لاکھ روپے، جوہر ٹاؤن میں عزیز اسلم کے گھر سے ساڑھے 6 لاکھ روپے، اقبال ٹاؤن میں فیض الرحمان کے گھر سے 6 لاکھ روپے، ہنجروال میں نظام کے گھر سے 5 لاکھ روپے، لٹن روڈ میں زاہد کے گھر سے 5 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے ملت پارک میں اعجاز کی فیملی سے 8 لاکھ روپے، شادباغ میں نواز کی فیملی سے 6 لاکھ روپے، فیصل ٹاؤن میں کاشف کی فیملی سے 4 لاکھ روپے، نصیر آباد میں حفیظ کی فیملی سے 3 لاکھ روپے، ٹاؤن شپ میں فرحت کی فیملی سے 3 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوؤں نے اچھرہ میں نجیب اللہ سے 3 لاکھ روپے اور دو موبائل فون، مصری شاہ میں کاشف سے 2 لاکھ روپے، گلبرگ میں رب نواز سے 2 لاکھ، ساندہ میں شبیر سے دو لاکھ، شفیق آباد میں جبار سے ایک لاکھ، لٹن روڈ میں نبیل سے 78 ہزار، بھاٹی گیٹ میں اسلام سے 60 ہزار، ٹاؤن شپ میں علی رضا سے 50 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شمالی چھاؤنی سے مقبول، سول لائن سے مدثر، گلبرگ سے کامران، وحدت کالونی سے وقاص، گارڈن ٹاؤن سے کرامت، اقبال ٹاؤن سے شفیق، جوہر ٹاؤن سے صفدر کی کاریں جبکہ گوالمنڈی سے عثمان، اچھرہ سے وقاص، سبزہ زار سے اسلام، نصیر آباد سے ولایت، لیاقت آباد سے سلمان، اسلام پورہ سے توصیف، ساندہ سے ارشد، ریس کورس سے کامران، گڑھی شاہو سے کاشف، رنگ محل سے فیصل، ماڈل ٹاؤن سے کرام، مصری شاہ سے نوید، سول لائن سے نوفل، گارڈن ٹاؤن سے علی کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ قصور میں عمر آباد حبیب آباد میں نقاب پوش ڈاکو عبدالعزیز کے گھر داخل ہوئے تو اہلخانہ نے شور کر دیا۔ ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس سے ان کا اپنا ساتھی زخمی ہو گیا ڈاکو اپنے ساتھی کو اٹھا کر لے گئے جو راستہ میں دم توڑ گیا۔ راولپنڈی سے آئی این پی کے مطابق تھانہ آر اے بازار کے علاقے گروٹی سٹاپ ڈھوک سیداں روڈ پرڈکیتی کی واردات نے اعوان ٹریڈرز کے مالک سمیت دوافراد کی جان لے لی، ایک ڈاکو تاجروں کے ہاتھ لگ گیا جبکہ دوڈاکوفرار ہونے کامیاب ہوگئے۔