• news

سرکاری ادارے ملک میں مہنگائی، فحاشی پھیلانے میں مصروف ہیں: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے کام جماعت اسلامی سمیت پرائیوٹ فلاحی اور رفاہی ادارے کر رہے ہیں، حکومت کو ان کاموں سے کوئی دلچسپی نہیں، سرکاری ادارے تو ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھانے اور فحاشی و عریانی پھیلانے میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی 65 برسوں سے خدمت کے میدان میں پیش پیش ہے۔ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی اپنی امدادی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید تیز اور وسیع ترکرے عوام اور اہل خیر حضرات الخدمت کے ساتھ تعاون کریں۔ جماعت اسلامی میڈیا سیل کے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے ادارہ نورحق میں الخدمت میت بس سروس میں مزید 3بڑی اور نئی بسوں کے اضافے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی کے سیکریٹری انجینئر عبدالعزیز نے بھی خطاب کیا۔ سید منور حسن نے 3نئی بسوں کی چابیاں ضلع جنوبی کے امیر حافظ عبدالواحد شیخ، ضلع بن قاسم کے امیر محمد اسلام اور ضلع شرقی کے امیرمحمد صابر کے حوالے کیں۔ حکمرانوں کا عوام کے دکھ درد سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ الخدمت نے صرف تھر پارکر میں ہی نہیں بلکہ ہر ضرورت کی جگہ پہنچ کر متاثرہ افراد کی مدد کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن