کرپشن میں اضافہ نہ روکا گیا تو ملک میں غربت، لاقانونیت بڑھے گی: جسٹس (ر) افتخار
اسلام آباد (آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی معاملات آئین و قانون سے ہٹ کر چلائے جانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ وکلاء تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی، قانون کی حکمرانی تک یہ تحریک کسی نہ کسی انداز میں جاری رہے گی۔ سیاسی نااہلیوں کی وجہ سے موجودہ عدلیہ پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے چکوال کے وکلاء وفد سے گفتگو میں مزید کہا کہ ملک میں کرپشن کے اضافے کو نہ روکا گیا تو اس سے ملک میں غربت اور لاقانونیت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اپنے دور میں غریب لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کئی اہم معاملات پر ازخود نوٹس لئے۔ بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسے یہ ذمہ داری ادا کرنی چاہئے، خراب حالات کی وجہ آئین و قانون سے دوری ہے۔