• news

4 خودکشیاں: لاہور میں نوجوان نے مبینہ طور پر زہر کھا کر زندگی ختم کر لی

لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور، گوجرانوالہ، خوشاب، گجرات میں خواتین سمیت 4 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ لاہور میں گجر پورہ کے علاقہ میں 25 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی ہے۔ سنگھ پورہ کا رشید 6 ماہ کے بیٹے کا باپ تھا اور محنت مزدوری کر کے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا، گزشتہ روز گھر آیا تو اس کی حالت خراب تھی جس پر اہلخانہ اسے طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال لے گئے۔ ڈاکٹروں نے تشویشناک حالت کے باعث اسے میو ہسپتال بھجوا دیا جہاں 4 گھنٹے زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ دم توڑ گیا۔ متوفی کے بھائی لطیف نے بتایا ان کو بھائی کی موت کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آئی۔ ایک محلے دار کے مطابق رشید کا گزشتہ روز اپنے بھائیوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ گوجرانوالہ میں غربت کی چکی میں پسنے والے تین بچوںکے باپ نے گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی۔ فیصل کالونی کا اشرف کافی عرصہ سے شوگر کے مرض میں مبتلا تھا جس نے اپنی بیوی اورتین بچوں کی کفالت کے لئے محلے میںہی گولیاں ٹافیاں بیچنے کی دکان بنا رکھی تھی مگر کم آمدنی سے گھریلو اخراجات پورے نہ ہونے کی وجہ سے بے حد پریشان تھا نے دلبرداشتگی کے عالم میں گلے میںپھندا ڈال کرخود کشی کر لی۔ علاوہ ازیں خوشاب میں نوجوان، گجرات میں شادی شدہ خاتون نے زندگی ختم کر لی۔ خوشاب میں نواحی گائوں بدلی والا میں ایک نوجوان عدنان گوندل نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ گجرات میں جلالپور جٹاں میں شادی شدہ خاتون نجمہ بی بی نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔

ای پیپر-دی نیشن