وزیراعظم نے مذاکرات کیلئے بہترین ٹیم تشکیل دی‘ جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے: وزیر ٹیکسٹائل سکیورٹی وجوہات پر بنگلہ دیش حکومت کی پرچم لہرانے پر پابندی درست ہے
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل سینیٹر عباس آفریدی نے کہا ہے کہ حسینہ واجد حکومت نے اگر سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے غیر ملکی پرچموں کو گرائونڈز میں لہرانے پر پابندی عائد کی ہے تو یہ عمل درست ہے‘ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے بہترین ٹیم تشکیل دی جس کے جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے۔طالبان اور حکومت کو مذاکراتی عمل کے دوران جنگ بندی کی مدت میں توسیع دینی چاہئے۔ وہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت نے اگر ملک میں انتشار کو روکنے اور سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے پرچموں پر پابندی عائد کی ہے تو یہ عمل درست ہے اور اس عمل پر کوئی تعجب نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کسی بھی ٹیم کو سپورٹ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت اور طالبان جنگ بندی کی مدت میں توسیع کریں تاکہ گیارہ برس سے جاری جنگ کا خاتمہ کیا جاسکے۔