• news

ہربنس پورہ: دوسرے گروپ کا ایک زخمی چل بسا، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) ہربنس پورہ کے علاقہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے باپ کو تین بیٹوں سمیت قتل کرنے والے مخالف گروپ کا بھی ایک زخمی گذشتہ روز ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے جبکہ پولیس نے ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ کے رہائشی محمد اعجاز کا اپنی بہن سائرہ اور بہنوئی جہانگیر کے ساتھ 12مرلے کے مکان کا تنازعہ چل رہا تھا۔ اعجاز وغیرہ کا کہنا تھا سائرہ نے والد کے جعلی دستخط کرکے مکان اپنے نام ٹرانسفر کرا لیا ہے۔ اس سلسلہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب خاندان کی پہنچائت ہو رہی تھی جس میں اعجاز کا سسر عمر اور اس کے تینوں بیٹے محمد اکرم، رفاقت علی اور علی رضا بھی موجود تھے۔ سائرہ کے خاوند جہانگیر اور اس کے ساتھیوں نے اندھادھند فائرنگ کرکے عمر اور اس کے تینوں بیٹوں کو قتل کر دیا تھا۔ فائرنگ کی زد میں آکر جہانگیر بھی زخمی ہو گیا تھا جس کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا تھا جہاں جہانگیر گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ پولیس نے تین ملزمان سائرہ، شہباز اور سلیم شہزاد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزم یوسف اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے گذشتہ روز مقتولین کی نعشیں بھی پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔ نعشیں برکی کے سرحدی گائوں دھوری پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں تعینات تھی۔ پولیس کے مطابق جہانگیر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہی ہلاک ہوا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف درج مقدمہ قتل کے علاوہ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپوٹر طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی قتل کے سنگین واقعہ میں ملوث تمام ملزموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن