کالا باغ ڈیم کیخلاف نہیں، اتفاق رائے کیلئے تحفظات دور کرنا ہونگے: غنویٰ بھٹو
لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کی سربراہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ شام میں امریکہ اور سعودی عرب کی مداخلت کا مقصد ایران اور پاکستان کو غیرمستحکم کرنا ہے۔ شام میں مداخلت پاکستا کیلئے نقصان دہ ہوگی۔ سعودی عرب سے ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالر امداد نہیں بلکہ رشوت ہے تاکہ پاکستانی افواج کو شام بھجوایا جاسکے۔ وہ گذشتہ روز یہاں پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ حکمران بتائیں کہ سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم کسی چیز کے انعام کے طور پر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک تھیں، اب عمران خان بھی ان کیساتھ شامل ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا سندھ میں اتحاد کسی بہتری کیلئے نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کا فارمولا ہے۔ انصاف صرف حکمرانوں کو مل رہا ہے، عام آدمی انصاف سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کی صورتحال کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔ گندم ضائع ہو رہی ہے اور بچے مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم کے مخالف نہیں ہیں لیکن اسے جان بوجھ کر ایسی ج گہ بنایا جا رہا ہے جہاں تنازع کھڑا ہوگیا۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اتفاق رائے بہت ضروری ہے۔ لوگوں کے تحفظات دور کر دئیے جائیں تو ہم بھی کالا باغ ڈیم منصوبے کی مخالفت نہیں کرینگے مگر زبردستی ڈیم بنانے سے نقصان ہوگا۔