مقبوضہ کشمیر میں علیحدگی نہیں آزادی کی تحریک چل رہی ہے: برجیس طاہر
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کشمیر میں علیحدگی کی تحریک نہیں بلکہ آزادی کی تحریک چل رہی ہے، علیحدگی پسندوہ ہوتے ہیں جو کبھی اس ملک کے آئین تو تسلیم کرتے ہیںاور بعد میں علیحدہ ہو تے ہیں، کشمیر نے کبھی بھارت کی عملداری کو تسلیم نہیں کیا جبکہ بھارت کا رشتہ کشمیر سے غاصبانہ قابض سے زیادہ کا نہیں، ہم اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کی اس بات کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس میں انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دہشت گردی کے تناظر میں دیکھنا درست نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد کلب میں کشمیر کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق خان کنوینر آل پاکستان حریت کانفرنس پاکستان چیپٹر غلام محمد صفی، چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی سمیت مفکرین، سفارتکاروں اور سیاستدانوں نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کشمیریوں کا قصور یہ ہے کہ وہ عالمی قانون اور جمہوری اقدار کی روشنی میں حق رائے دہی کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اپنی قسمت اور مستقبل کا فیصلہ اپنے مذہب اور ثقافت کی روشنی میں کر سکیں، اُنہوں نے دوسرے ممالک سے آئے مفکرین،ماہرین اور سفارتکاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنے اپنے ممالک کے علمی دبستانوں میں اُجاگر کریںتاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے عالمی ضمیر کو جگایا جا سکے، اُنہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے بغیر عالمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، سابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عتیق خان نے کہا مسئلہ کشمیر کشمیریوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، خطے میں امن مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ممکن نہیں ہے، آل پاکستان حریت کانفرنس پاکستان چیپٹر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت کی قابض فوج جبری گمشدگیوں اور اجتماعی قبروں جیسے جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہئے۔