مقبوضہ کشمیر سے 3 نعشیں برآمد‘ بھارتی مظالم کے خلاف ریلی اور ہڑتال
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیرکے ضلع کپواڑہ میں مختلف مقامات سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں جس کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 23 سالہ الماس احمد بٹ اور اقبال احمد میر کی مسخ شدہ لاشیں ضلع کے علاقے وایا اور جگتیال سے برآمد ہوئی ہیں جبکہ ایک نامعلوم شخص کی لاش جموں کے علاقے ریہاڑی سے ملی ہے ۔ لوگوںنے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف بڑی احتجاجی ریلی نکالی اور مکمل ہڑتال کی اس دوران بھارتی فورسز نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوںنے ان کے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور املاک کو نقصان پہنچایا ۔ادھر بھارتی فوجیوں کی طرف سے نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف خواتین سمیت لوگوںنے نائوپور ہ خانیار میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔