• news

پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہرممکن تعاون پر تیار ہیں: روسی سفیر

اسلام آباد(ثناء نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان میں تعلقات کثیر الجہتی ہیں اور دونوں ممالک کی سیاسی قیادت اور تجارتی  حلقوں کے درمیان مسلسل رابطے دونوں ممالک کو قریب لانے اور موجود تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روس کے سفیر الگژی ڈیڈو  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے  جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ روس پاکستان میں اقتصادی اور تعمیری ڈھانچے کی ترقی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سفیر کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاک روس فرینڈشپ گروپ کے قیام سے آگاہ کرتے  ہوئے کہا کہ یہ فورم دونوں ممالک  کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ روسی سفیر  نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سپیکر کو آگاہ کیا کہ روس کے ارکان پارلیمنٹ بھی پاکستان کی پارلیمنٹ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او ر روس کے کاروباری حلقے مسلسل رابطوں میں ہیں اور دونوں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے کئی معاہدے طے پا چکے ہیں۔ انہوںنے پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمے کے لیے اپنے ملک کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور سپیکر کو روسی سپیکر کی طرف سے روس کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ای پیپر-دی نیشن