ایک کروڑ ڈالر کٹوتی سے مجموعی امریکی امداد پر اثر نہیں پڑیگا: جلیل عباس
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک کروڑ ڈالر کی کٹوتی سے پاکستان کیلئے مجموعی امریکی امداد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔یہ بات امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں ایک سیمینار سے خطاب میں کہی۔سیمینار کا عنوان فل برائٹ پاکستان ری انٹری اینڈ سوشل انٹر پر نیورشپ تھا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوںمیں تعاون میں اضافے کی خواہاں ہے کیونکہ اس طرح پاکستان کی اقتصادی ترقی کی کوششوں کو تیز کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کیلئے امریکی امداد کے معاملے پر ان کی امریکی حکام سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ کے حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور امریکی امداد میں مجوزہ کٹوتی سے اس پیش رفت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبہ خصوصاً دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبوںمیں امریکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ پاکستان امریکہ کو اپنی برآمدات میںبھی اضافہ چاہتا ہے کیونکہ اس سے اسے اپنی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے میںمدد ملے گی۔