امریکہ نے پاکستان کیلئے دفاعی سازوسامان کی فراہمی میں اضافہ کر دیا: بھارتی میڈ یا کا دعویٰ
نئی دہلی، واشنگٹن (آن لائن)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو دفاعی سازوسامان میں اضافہ کر دیا ہے اور گزشتہ دس برس میں امریکہ کے پاکستان کے ساتھ 5.2ارب ڈالر کے فارن ملٹری سیلز معاہدے ہوئے۔ یہ دعویٰ پینٹاگون کی دستاویزات کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی ہتھیاروں کی فراہمی اور پاکستان کی بھرپور فوجی امداد میں گزشتہ سال خاموشی سے اضافہ کر دیا گیا۔ پینٹاگون کی عوامی سطح پر دستیاب دستاویزات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 2002 سے 2012ء کے درمیان پاکستان کے ساتھ فارن ملٹری سیلز معاہدوں کی مجموعی لاگت 5.2 ارب ڈالر رہی۔ مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں امریکی فوج کی طرف سے خفیہ آپریشن میں القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان کیلئے امریکی امداد میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران قابل ذکر پیش رفت کے طورپر 150 اضافی ریڈیو سیٹ کی فراہمی، 35 ایف 16 طیاروں کی مکمل اپ گریڈیشن اور ایکسس ڈیفنس آرٹیکل کے تحت اپریل 2014 میں 374 M113 بکتربند گاڑیوں کی ترسیل کی گئی ہے۔ ایف 16 لڑاکا طیارے اور متعلقہ سازو سامان اس کا نصف ہیں۔ کانگریس نے2001سے پاکستان کے لئے فارن ملٹری فنانسنگ میں زیادہ سے زیادہ تین ارب ڈالر رکھے جن میں2ارب ڈالر خرچ کر دیئے گئے۔ کانگریس ذرائع کے مطابق پاکستان کو امریکی دفاعی سازوسامان کی فراہمی کا خصوصی مرتبہ بھی دیا جا چکا ہے۔ اس ضابطے کے تحت اہم دفاعی ساز و سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور کچھ جلد دے دیا جائے گا جن میں 474 ملین ڈالر کے آٹھ بحری پٹرولنگ طیارے پی 3سی اورئین اور ان کا ساز و سامان ہے۔ ان میں سے 4 دئیے گئے جن میں تین کو دہشت گردوں نے2011 میں تباہ کر دیا تھا۔ پاکستان کو فراہم کیے جانے والے امریکی ساز و سامان میں 212 ملین ڈالر کے 5750 ملٹری ریڈیو سیٹ، 186ملین ڈالر کے2007 مسلح میزائل شکن TOW، ایک سو ملین ڈالر کے چھ نگرانی کے AN/TPS-77 ریڈار، 76ملین ڈالر کے چھ ہرکیولیس ٹرانسپورٹ طیارے C-130E اور ان کا ساز و سامان، 65 ملین ڈالر پیری کلاس فریگیٹ میزائل اور 48ملین ڈالر کے20 کوبرا ہیلی کاپٹر ہیں جن میں سے12فراہم کئے جا چکے ہیں۔مزید برآں ترجمان ایساف نے کہا ہے کہ امریکی افواج کی پاکستان کو زائد ساز و سامان دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، امریکی افواج زائد سامان پاکستان کو دینے کی خواہشمند نہیں، افغانستان میں زائد امریکی فوجی ساز و سامان پاکستان نہیں بھیجا جا رہا۔