• news

طالبان کے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی، مستقل جنگ بندی کے بارے میں جلد اعلانات متوقع ہیں، ذرائع

اسلام آباد(ثناء نیوز)وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں میں طالبان کے غیر عسکری قیدیوں کی رہائی اور مستقل  جنگ بندی کے معاملے پر اہم اعلانات متوقع ہیں۔ غیر عسکری قیدیوں کی رہائی کو بحالی اعتماد کے اقدامات کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں جلد حکومت کی جانب سے پیشرفت متوقع ہے۔ حکومت اور طالبان قریب آ چکے ہیں۔ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف کو سرکاری کمیٹی کے طالبان شوریٰ کے ارکان سے مذاکرات  کے پہلے دور کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے، حکومت کے ممکنہ اقدامات کے  حوالے سے مشاورت کا سلسلہ  جاری ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اس معاملے میں وزارت داخلہ کو مزید اقدامات کے لئے اہم ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا  ہے ۔مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے آئندہ چوبیس گھنٹے  اہم بتائے گئے ہیں۔ مفاہمتی عمل کے لیے بحالی اعتماد کے اقدامات کے حوالے سے حکومت پہل کرے گی اس بارے میں طالبان مذاکراتی کمیٹی کی تجاویز سے بھی حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا تھا۔ کل یا اتوار کو شمالی وزیرستان ایجنسی کے مقررہ محفوظ مقام پر دوبارہ  مذاکرات کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مصالحت کے لئے فریقین کی جانب سے فراخ دلی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور 31 مارچ سے قبل جنگ  بندی میں توسیع کے اعلان کا قومی امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن