آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ مشرف کو بچانے کی سازش ہے:شہداء فائونڈیشن
اسلام آبا(آئی این پی)شہداء فائونڈیشن آف پاکستان نے آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کے تبادلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ آئی جی اسلام آباد سکندر حیات کے تبادلے سے ان قوتوں کا مشن کامیاب ہوتا نظر آرہا ہے جو پرویزمشرف کو ملک سے فرارکرانا چاہتے ہیں۔آئی جی پولیس سکندر حیات کا تبادلہ پرویزمشرف کو بچانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ایف ایٹ کچہری کا واقعہ پرویزمشرف کو مقدمات سے بچانے کی مہم کا حصہ تھا۔کچہری واقعہ کی آڑ میں آئی جی سکندر حیات کے تبادلے نے ثابت کردیا ہے کہ پرویزمشرف کو بچانے والی قوتیں حکومت بالخصوص وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان پر حاوی ہیں۔ آئی جی سکندر حیات کے تبادلے کے گہرے منفی اثرات علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی تحقیقات پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ جمعرات کو جاری بیان میں ترجمان شہداء فائونڈیشن حافظ احتشام احمد نے کہا کہ سکندر حیات نے بطور انسپکٹر جنرل پرویزمشرف کے خلاف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی شفاف تحقیقات کرانے کی بھرپور کوشش کی ۔ شہداء فائونڈیشن وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے مطالبہ کرتی ہے کہ آئی جی پولیس اسلام آباد سکندر حیات کو فوری طور پر آئی جی اسلام آباد کے عہدے پر بحال کیا جائے اور انہیں اس وقت تک آئی جی کے عہدے پر بحال رکھا جائے جب تک علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتی۔