چودھری عبدالمجید کو بچانے کیلئے زرداری فریال تالپور سرگرم، سردار یعقوب آج کراچی طلب
اسلام آباد (آئی این پی) آزاد کشمیر کے سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گیا‘ وزیراعظم چودھری عبدالمجید کی طرف سے فراہم کردہ ’’خدمات‘‘ پر ان کو بچانے کے لئے سابق صدر زرداری اور ان کی ہمشیرہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سرگرم ہوگئے ہیں۔ زرداری نے آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب کوآئینی معاملات پر صلاح مشورہ کے لئے آج کراچی میں طلب کرلیا دوسری طرف فریال تالپور نے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف بغاوت روکنے کیلئے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت کو درپیش بحرانوں اور مرکزی حکومت سے تعلقات پر مستقبل کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود مسلم لیگ ن کی حمایت سے ایک بار پھر چودھری مجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے سرگرم عمل ہو چکے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود نے دو ہفتے قبل وزیراعظم نواز شریف کی ایک قریبی شخصیت سے بھی اہم ملاقات کی تھی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر بھی چودھری مجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کھل کر حمایت کررہے ہیں اس بناء پر اگر اس بار ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے تو چوہدری مجید کو گزشتہ بار کی طرح وزیراعظم نواز شریف سے کوئی مدد نہیں مل سکے گی۔