آج ’’ارتھ آور‘‘ منایا جائیگا، سندھ اسمبلی کی حمایت میں متفقہ قرارداد
کراچی+ اسلام آباد + لاہور + فیصل آباد (اے پی پی+ ثناء نیوز+ نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے توانائی کی بچت کے حصول کے لئے 29 مارچ کو منائے جانے والے ارتھ آور کو سنگ میل قرار دیا ہے۔ اس موقع پر اپنے ایک پیغام کے ذریعے انہوں نے کہا اس وقت پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے لہٰذا اس کے پیش نظر پارلیمنٹ ہائوس کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی ضروریات پوری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے دنیا بھر میں پاکستان کی پارلیمنٹ کو یہ منفرد مقام حاصل ہوگا کہ اس کی بجلی کی ضروریات شمسی توانائی کے ذریعے پوری ہونگی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس امر کا اعادہ بھی کیا ہے کہ دنیا بھر میں توانائی کے تحفظ ، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے پارلیمنٹ ہائوس کی روشنیوں کو گُل کردیا جائے گا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے 29مارچ کو رات 8:30 سے 9:30بجے تک موم بتیاں جلاکر اس مشن کو اجاگر کریں گے۔ مزید برآں سندھ اسمبلی میں وزیر برائے ماحولیات سکندر میندرو کی جانب سے پیش کی گئی ارتھ آور سے متعلق قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔ وزیر برائے ماحولیات سکندر میندرو نے ارتھ آور سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 29 مارچ کو رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو تک سندھ اسمبلی کے احاطے میں ارتھ آور منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرہ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے ارکان سندھ اسمبلی کے اس مقصد میں ہمارا ساتھ دیں۔ بعد میں سکندر میندرو کی جانب سے ارتھ آور سے متعلق پیش کی گئی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ دریں اثناء چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے اراکین پارلیمنٹ اور معاشرے کے مختلف طبقات سے کہا ہے وہ توانائی کی بچت اور مستقبل کی نسلوں کیلئے ماحولیات کو تحفظ دینے کیلئے کردار ادا کریں۔ اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینٹ نے کہا ہمیں اپنی زمین کو پائیدار بنانے کیلئے تعمیری اور تدبیری اقدامات اٹھانے ہونگے۔ مزید برآں ثناء نیوز کے مطابق دنیا کے 154 ممالک کے ساتھ 29 مارچ کو ساڑھے آٹھ بجے رات ’’ارتھ آور‘‘ منانے کے حوالے سے حکومت پنجاب اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مابین مفاہمت کی دستاویز پر دستخطوں کی تقریب گذشتہ روز پنجاب اسمبلی لاہور میں منعقد ہوئی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے سینئر ڈائریکٹرآپریشنز انور نسیم نے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاںکی موجود گی میں اس حوالے سے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا پاکستان ایک عرصہ سے انرجی کے بحران میں مبتلا ہے اور ہمیں توانائی کا ضیاع روکنے کے لئے دنیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں لوڈ شیڈنگ اب تھوڑے عرصے کی بات ہے کیونکہ عالمی برادری اور خاص طور پر دوست ملک چین کے عملی تعاون سے اگلے ایک دو برس میں یہاں بجلی کے 22 ہزار میگاواٹ تیار کرنے والے پاور پلانٹس نصب ہو جائیں گے۔ وزیر تعلیم پنجا ب رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ عالمی سطح پر ’’ارتھ آور‘‘ منانے کی روایت عوام اور حکومتی اداروں میں یہ شعور اجاگر کرنے کے لئے شروع کی گئی ہے کہ بجلی کا غیر ضروری استعمال کم سے کم کیا جائے۔ دریں اثناء فیصل آباد کے نمائندہ خصوصی کے مطابق ورلڈ وائیڈ فنڈ اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے اشتراک سے آج 29 مارچ کو ارتھ آور کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں رات 8.30 سے 9.30 ایک گھنٹہ تک پانچ بلڈنگز کی لائٹس بند رکھی جائیں گے جن میں ڈی سی او آفس‘ ضلع کونسل بلڈنگ‘ لائلپور میوزیم‘ علامہ اقبال لائبریری اور گھنٹہ گھر شامل ہیں۔ ارتھ آور کے حوالے سے ایک تقریب چوک گھنٹہ گھر میں ہو گی جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران‘ انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے افراد شرکت کریں گے۔مزید برآں ضلعی انتظامیہ لاہور آج ’’ارتھ آور ڈے‘‘ کے سلسلہ میں رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک لائٹس بند کریگا۔ شہر کی5 مرکزی شاہرائوں پر ایک گھنٹے کیلئے لائٹس بند کر دی جائیں گی۔ اسکے علا وہ بادشاہی مسجد، مینار پاکستان، لبرٹی چوک، چوک چوبرجی پر بھی لا ئٹس بند کردی جائیں گی اور موم بتیاں روشن کی جائیں گی۔ ’’ارتھ آور ڈے‘‘کی بڑی تقریب ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی کے با ہر منعقد ہوگی۔