• news

توانائی بحران کا خاتمہ ضروری ہے، وسائل کا رخ غریبوں کی طرف موڑ دیا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت قومی وسائل ترجیحی بنیادوں پرکم وسیلہ طبقات کی فلاح وبہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں اور محروم معیشت افراد کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ توانائی کی قلت سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، زراعت اور صنعت کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرقیادت ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے مرحلہ وار ایسے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف معیشت کا پہیہ ایک بار پھر رواں دواں ہوگا بلکہ ہر گھر روشنیوں سے جگمگا اٹھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ  روز ان سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے انکے حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کے جذبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی ترقی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ اربوں روپے کے فنڈز عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں، وسائل کا رخ غریب طبقات کی فلاح و بہبود کی جانب موڑ دیا ہے، ہمارا ہر قدم محروم معیشت طبقات کو ریلیف کی فراہمی اور انہیں ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے اٹھ رہا ہے۔ گزشتہ دور میں شروع کیا گیا پنجاب کی ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ محنت، ا مانت ، دیانت اور جدوجہد کے ذریعے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیں گے، توانائی ،توانائی اور صرف توانائی کا حصول ہماری اوّلین ترجیح ہے، صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے، تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے، روز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے توانائی کے بحران پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے، ملکی اور غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروںکو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں، متعدد بین الاقوامی کمپنیوں سے توانائی کے شعبے میں تعاون کیلئے معاہدے کئے گئے ہیں، ملک کی تاریخ میں پہلی بار سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر توجہ دی گئی ہے جس کے تحت کوئلے ، سولر اور ہائیڈل ذرائع سے توانائی کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔ توانائی کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ قائداعظم سولر پارک پراجیکٹ سے بھی مرحلہ وار توانائی کا حصول یقینی بنایا جائیگا اور پنجاب حکومت قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے جس کا کنٹریکٹ بہت جلدایوارڈ کردیا جائیگا اور انشاء اللہ سال کے آخر تک ابتدائی طور پر قائداعظم سولر پارک سے 100 میگاواٹ بجلی کا حصول شروع ہوجائیگا۔ علاوہ ازیں  شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب خدمت کارڈ کے ذریعے صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دی جائیگی۔ اس پروگرام کامقصد انتہائی کم وسیلہ خاندانوں پر معاشی بوجھ کم کرنا ہے۔ پنجاب خدمت کارڈ پر مالی معاونت حاصل کرنیوالے فرد کا نام اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر درج ہوگا۔ وہ گزشتہ روز ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔  شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کارڈ پنجاب حکومت کا عوامی خدمت کا ایک اور انقلابی پروگرام ہے جس کے ذریعے کم وسیلہ خاندانوں کوخدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے اوران کی مالی معاونت کی جائیگی جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت حذمت کارڈ کے ذریعے صحت اورتعلیم کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کو ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے اور اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ دریں اثناء شہبازشریف نے کہاہے کہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔ پنجاب حکومت نے اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔  اداروںکی استعدادِ کار بڑھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا گیا ہے اور معاشی ترقی کے لئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔جنوبی پنجاب کے 4 اضلاع سے شروع کئے گئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار 18 اضلاع تک بڑھایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہنر مند افرادی قوت معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ پنجاب حکومت ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے، اس مقصد کیلئے پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے تحت ہزاروں بچوں کو مختلف فنون کی تربیت دی گئی ہے، حلال مصنوعات کی دنیا میں بہت زیادہ مانگ ہے ، پاکستان حلال پراڈکٹس کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ لاہور میں 2 ارب روپے کی لاگت سے جدید سلاٹرہائوس قائم کیا گیا ہے اورا یسے ہی سلاٹر ہا ئوس دیگر شہروں میں بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کہ مختلف شعبوں میں ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے سفارشات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سیالکوٹ میں ٹریفک وارڈن تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کی زیرقیادت ارکان صوبائی اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ اور رانا لیاقت نے شہباز شریف سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد محمد منشاء اللہ بٹ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سیالکوٹ کی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک وارڈن تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے اور جلد ہی شہر اقبال میں ٹریفک کا نظام و انصرام ٹریفک وراڈن کے حوالے کردیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن