خیبر پی کے کی کابینہ میں توسیع، 5 نئے وزرا، 3 مشیر، 4معاون خصوصی شامل
پشاور (اے این این) خیبر پی کے حکومت نے صوبائی کابینہ میں توسیع کر دی ہے۔ 5 نئے وزرائ، 3 مشیر اور 4 معاون خصوصی کو کابینہ میں شامل کردیا گیا۔ شوکت یوسفزئی کا قلمدان ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا۔ شہرام خان ترکئی سینئر وزیر بن گئے، ایبٹ آباد سے مشتاق غنی اور قلندر خان لودھی صوبائی کابینہ میں شامل، ہری پور سے اکبر ایوب کو مشیر بنا دیا گیا۔ گذشتہ روز صوبائی کابینہ میں توسیع کا اعلان، وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کابینہ میں وزیراعلیٰ کی منظوری سے توسیع کی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ میں مشتاق غنی، قلندر خان لودھی، ضیاء اللہ آفریدی، اکرام اللہ گنڈا پور اور جمشید الدین کاکا خیل کو شامل کرلیاگیا ہے۔ ان وزراء کے قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا جبکہ عوامی جمہوری اتحاد کے شہرام خان ترکئی کو سینئر وزیر بنا دیا گیا ہے۔ پانچ نئے وزراء کی کابینہ میں شمولیت کے بعد صوبائی وزراء کی تعداد 19 اور کابینہ ارکان کی تعداد31 ہوگئی ہے۔