قومی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمز میں بھیجے جانے کا گرین سگنل مل گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) وزارت کھیل نے دفاعی چیمپیئن قومی ہاکی ٹیم کو عارف حسن کی پی او اے کے ذریعے ایشین گیمز میں بھیجنے کا گرین سگنل دے دیا۔ سید عارف حسن اور حکومتی پی او اے کی چپقلش کی وجہ سے قومی ٹیموں کی بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت نہ ہونے کے برابر رہ چکی ہے۔ رواں برس کوریا میں ہونے والی ایشین گیمز میں ہاکی ٹیم سمیت قومی دستے کی شرکت حکومت کے بجائے عارف حسن کی پی او اے کے ذریعے ممکن ہے کیونکہ آئی او سی اور او سی اے عارف حسن کی پی او اے کو حقیقی تسلیم کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ نے سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دفاعی چیمیئن قومی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمز میں بھجنے پر اتفاق کیاجس کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی وزیرکھیل نے عارف حسن کی پی او اے سے بھی رابطے کا گرین سگنل دے دیا کیونکہ ایشین گیمز پاکستان ہاکی کیلئے اولمپکس دو ہزار سولہ کا کوالیفائنگ راونڈ بھی ہے۔