جان، مال آبرو کے تحفظ کیلئے عوام خود میدان میں اتریں: الطاف
لندن (اے پی اے) الطاف حسین نے جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اپنی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے خود میدانِ عمل میں آنا ہوگا۔ الطاف حسین نے لندن اور کراچی رابطہ کمیٹی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ انہوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں چوری، بینک ڈکیتیوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک منظم منصوبے کے تحت شہر میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ نے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مقیم لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ویجی لینس کمیٹیاں تشکیل دیں۔